nadia khan 115

نادیہ خان کے ساتھ سائبر فراڈ کرنیوالا ملزم عدالتی ریمانڈ پر جیل منتقل

کراچی: اداکارہ و میزبان نادیہ خان کے ساتھ سائبر فراڈ کرنے اور ان کے یوٹیوب چینل کی کمائی اپنے بینک اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کرنے والے آئی ٹی ماہر کو گرفتار کرلیا گیا۔

ایف آئی اے سائبر کرائم نے اداکارہ نادیہ خان کے ہیک ہونے والے یوٹیوب چینل کو بحال کرنے والے آئی ٹی ماہر حماد سمیع کو گرفتار کرکے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ملزم حماد سمیع نے ستمبر 2020 میں نادیہ خان کے ہیک ہونے والے یوٹیوب چینل کو بحال کیا تھا۔ تاہم اسی دوران ملزم نے ہوشیاری سے اداکارہ کے یوٹیوب چینل کی کمائی اپنے بینک اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کروالی۔ فراڈ کا پتہ چلنے کے بعد نادیہ خان نے ایف آئی اے سائبر کرائم میں ملزم کے خلاف شکایت درج کروائی۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے سائبر کرائم سندھ عمران ریاض کے مطابق ایف آئی اے نے نادیہ خان کی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے ان سے سائبر فراڈ کرنے والے ملزم حماد سمیع کو گرفتار کرکے اس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔ ملزم نے نادیہ خان کو ستمبر 2020 کے بعد یوٹیوب چینل سے ہونے والی کمائی سے محروم کردیا تھا۔

واضح رہے کہ نادیہ خان نے 2017 میں یوٹیوب چینل جوائن کیا تھا ان کے یوٹیوب پر ساڑھے آٹھ لاکھ کے قریب سبسکرائبرز ہیں۔

عدالت نے مارننگ شو کی میزبان اور اداکارہ نادیہ خان کے ساتھ سائبر فراڈ کے مقدمے میں ملزم کو 8 اکتوبر تک عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

کراچی سٹی کورٹ میں جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت کے روبرو مارننگ شو کی میزبان اور اداکارہ نادیہ خان کے ساتھ سائبر فراڈ سے متعلق مقدمے کی سماعت ہوئی۔ ایف آئی اے نے اداکارہ نادیہ خان کے ساتھ سائبر فراڈ کرنے والے گرفتار ملزم آئی ٹی ایکسپرٹ حماد سمیع کو عدالت میں پیش کیا۔

یہ بھی پڑھیں: -   برف سے بنی فیراری کار کی سوشل میڈیا پر دھوم

عدالت نے ملزم کو 8 اکتوبر تک عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجتے ہوئے آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر سے کیس کا چالان طلب کرلیا۔

ایف آئی اے کے تفتیشی افسر نے بتایا کہ ستمبر 2020 میں نادیہ خان کا یوٹیوب چینل ہیک کیا گیا۔ نادیہ خان نے ایک آئی ٹی ایکسپرٹ کے ذریعے اپنا چینل ریکور (بحال) کروایا تھا۔ تاہم آئی ٹی ایکسپرٹ نے یوٹیوب چینل میں گوگل پبلشر آئی ڈی اور بینک تفصیلات تبدیل کردیں جس کےنتیجے میں نادیہ خان کے یوٹیوب چینل کی تمام کمائی آئی ٹی ایکسپرٹ کو جانے لگی اور نادیہ خان کو کم از کم 60 لاکھ روپے کا نقصان ہوا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں