کراچی: اقرا عزیز نے اپنے بیٹے سے متعلق پوسٹ پر شرمیلا فاروقی کی تنقید کا کرارا جواب دے دیا۔
حال ہی میں ماں بننے والی اداکارہ اقرا عزیز نے انسٹاگرام پوسٹ پر اپنے شوہر یاسر حسین اور بیٹے کبیر حسین کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ’’ یاسر حسین نے ماں بننے کے سفر کے دوران میری بہت مدد کی‘‘۔
دوسری جانب پیپلزپارٹی رہنما شرمیلا فاروقی نے اداکارہ کی پوسٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اس میں فخرکرنے کی کوئی بات نہیں، بچوں کی پرورش کی ذمہ داری صرف ماں کی نہیں ہوتی بلکہ والد کی بھی ہوتی ہے۔
اداکارہ اقرا عزیز نے شرمیلا فارقی کی تنقید پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ شاید یہ آپ کے لیے کوئی بڑی بات نہ ہو، لیکن اس مردوں کی دنیا میں جہاں وہ اپنی بیوی کی (ماں کی ذمہ داریاں نبھانے پر) تعریف نہیں کرتے، جو شوہر اور بیوی دونوں کی ذمہ داری ہوتی ہے لیکن میرے شوہر نہ صرف میری تعریف کرتے ہیں بلکہ وہ میرا بھرپور ساتھ بھی دیتے ہیں۔
اقرا عزیز نے مزید لکھا جب وہ میری تعریف کرتے ہیں تو میں کیوں نہ کروں۔ انہوں نے کہا کہ عورتیں چاہتی ہیں کہ مرد ہماری مدد کریں اور پھر جب وہ کرتے ہیں تو، بول دو کہ اس میں فخر کی کوئی بات نہیں، برابری دونوں طرف ہونی چاہیے۔