Attaul-Haq-Qasmi 145

بزرگوار کی آخری خواہش!

پیارے عبدالرشید آج تم کچھ بجھے بجھے سے لگ رہے ہو۔ خیریت تو ہے؟

میرے پیارے دوست ناصر حسین، میں تمہارا ممنون ہوں کہ تم نے میری خیریت پوچھتے ہوئے صرف آج بجھا بجھا سا دکھائی دینے کی بات کی ہے ورنہ میں تو وہ چراغ ہوں جس کا تیل ختم ہو چکا ہے اور ہوا کا کوئی تیز جھونکا مجھے کسی وقت بھی بجھا سکتا ہے۔

’’کیا بات ہے، تم آج کچھ زیادہ ہی مایوسی کی باتیں کر رہے ہو‘‘

مایوسی کی باتیں کیوں نہ کروں، شوگر دو سو تک پہنچی ہوئی ہے، بلڈ پریشر نارمل ہونے کا نام نہیں لے رہا‘‘۔

’’تمہارے گھٹنوں کے درد کا کیا حال ہے؟‘‘

’’ڈاکٹر نے مصنوعی گھٹنے ڈالنے کا مشورہ دیا ہے‘‘۔

’’تم ایک جعلی حکیم کی گولیاں استعمال کر رہے تھے، ان سے کچھ فائدہ نہیں ہوا؟‘‘

اُس بدبخت حکیم نے تو میرا بیڑہ غرق کیا ہے، اس کی پہلی دو چار خوراکیں کھانے سے یوں لگا جیسے مجھے کبھی گھٹنوں کا درد تھا ہی نہیں۔

اور اس کے بعد؟

اور اس کے بعد گھٹنے سوجنا شروع ہو گئے اور میں چلنے پھرنے سے بھی معذور ہو گیا۔ حکیم گولیوں میں اسٹرائیڈ استعمال کرتا ہے اور اسے پوچھنے والا کوئی نہیں، خیر تم میری چھوڑو، اپنی سنائو، دن کیسے گزر رہے ہیں؟

دن کیا گزرنے ہیں، دانت سارے گر گئے ہیں، کمر میں درد رہتا ہے، پھیپھڑوں میں پانی بھر گیا ہے، پائوں ہر وقت سوجے رہتے ہیں۔

کسی سے علاج کرا رہے ہو؟

مختلف امراض کیلئے مختلف ڈاکٹروں کے زیر علاج ہوں، اس کے علاوہ ایک پیر صاحب سے دم بھی کراتا ہوں، نیز کوئی ملنے والا اگر کوئی ٹوٹکا بتاتا ہے تو وہ بھی کرکے دیکھ لیتا ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: -   روٹی یا تزکیہ؟

میرا بھی یہی معاملہ ہے مگر کچھ لوگ تو بہت عجیب عجیب ٹوٹکے بتاتے ہیں۔ مثلاً ایک صاحب نے کہا کہ کسی 90سالہ بابے کی دھوتی لے کر ایک بالٹی پانی میں رات بھر ڈبو کر رکھو اور اگلے روز سے یہ پانی نہار منہ دو دو گھونٹ کرکے پینا شروع کرو، یہ کورس ایک مہینے کا ہے اور شوگر کیلئے اکسیر ہے۔

کیا خیال ہے، لوگ اس قسم کی باتیں کرکے ہم بابوں کا مذاق نہیں اُڑاتے۔

یہی معاملہ ہے، اصل میں نئی نسل کی آنکھوں کا پانی مر گیا ہے، چھوٹے بڑے کی تمیز نہیں رہی … اور تم دیکھ رہے ہو لڑکیاں کس قدر واہیات لباس پہننے لگی ہیں۔

’’اور کیا! جب اس لباس میں وہ موٹر سائیکل کی پچھلی سیٹ پر بیٹھتی ہیں تو قمیض کچھ اوراوپر کھسک جاتی ہے نوجوانوں کا اخلاق کیوں خراب نہ ہو‘‘۔

یہ تو کچھ بھی نہیں بازار گندی کیسٹوں اور سی ڈیوں سے بھرے پڑے ہیں۔ اب تو پاکستانی رقاصائیں تھیٹر کو چھوڑ کر ہزاروں لوگوں کے سامنے میلے میں برہنہ رقص کرنے لگی ہیں اور دیدہ دلیری کا یہ عالم ہے کہ یہ سی ڈیز تیار کرنے والے سی ڈی کے باہر اپنا نام پتہ ٹیلی فون نمبر لکھ کر بازار میں فروخت بھی کرتے ہیں۔

مجھے یقین نہیں آتا کہ ایسا ہو سکتا ہے۔

خود مجھے بھی یقین نہیں آتا چنانچہ جس نوجوان نے مجھے بتایا کہ ایسا ہو رہا ہے تو میں نے اسے پیسے دے کر سی ڈی منگوائی کیونکہ سنی سنائی بات پر یقین کرنا اور اسے آگے پھیلانا گناہ ہے۔ چنانچہ میں نے یہ سی ڈی دیکھی مگر اس کے باوجود میری آنکھوں کو یقین نہ آیا چنانچہ میں نے دوسری بار چلائی لیکن اس مرتبہ بھی مجھے یہی لگا کہ یہ نظر کا دھوکا ہے چنانچہ تین چار بار دیکھنے کے بعد یقین آیا کہ یہ نظر کا دھوکا نہیں، حقیقت ہے۔ ناصر حسین، قوم کس طرف جا رہی ہے؟‘‘

یہ بھی پڑھیں: -   مذہب کی سیاست

بھائی عبدالرشید یہ تو واقعی بہت افسوسناک صورتحال ہے، میں تمہارے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتا کہ تم مجھ سے جھوٹ بولو گے۔ اس کے باوجود میں تمہاری طرح سنی سنائی باتوں پر یقین کر لینے کو گناہ سمجھتا ہوں اگر ہو سکے تو یہ سی ڈی ایک دن کے لئے مجھے مستعار دینا‘‘۔

’’ٹھیک ہے ،یہ نیک کام آج ہی کرتا ہوں، ویسے میں نے تم سے ایک مشورہ بھی کرنا تھا‘‘۔

ضرور کرو، دوست ہوتے کس لئے ہیں۔

تمہیں معلوم ہے میری زوجہ بہت عرصے سے بیمار چلی آ رہی ہے۔

نہیں مجھے تو علم نہیں کیا پرابلم ہے ہماری بھابھی کو؟

اسے اکثر نزلہ زکام رہتا ہے چنانچہ چھینکنے پر آتی ہے تو چھینکتی ہی چلی جاتی ہے۔

اوہو یہ تو واقعی بہت خطرناک بیماری ہے تمہیں یقیناً کسی ہمدرد نے عقدثانی کا مشورہ دیا ہوگا۔

بالکل بالکل تمہیں کیسے پتہ چلا؟

میری بیوی بھی ایک تشویشناک بیماری میں مبتلا ہے، رات کو سوتے میں خوفناک خراٹے لیتی ہے اور پھر ان کی گونج سے خود ہی ہڑبڑا کر اٹھ بیٹھتی ہے چنانچہ نہ وہ رات کو چین سے سو سکتی ہے اور نہ میں صحیح طرح سو پاتا ہوں لہٰذا میرے ایک ہمدرد نے مجھے بھی عقدثانی کا مشورہ دیا ہے۔

پھر تم نے کیا سوچا ہے! میرے محلے میں ایک یتیم لڑکی ہے، اسے سہارا دینے کا سوچ رہا ہوں، ویسے تمہاری نظروں میں بھی کوئی ہو تو مجھے بتانا۔

میری فیکٹری میں بہت سی بےسہارا لڑکیاں کام کرتی ہیں، ان میں سے ایک بہت خوبصورت ہے مگر مجھے اس کی خوبصورتی سے کیا لینا دینا ہے مگر وہ مجھے دوسروں کی نسبت زیادہ ضرورت مند لگتی ہے۔ میں نے اس سے عقد کا ارادہ کیا ہے مگر گھریلو فساد سے بچنے کیلئے فی الحال خفیہ رکھوں گا، دعا کرو ﷲ تعالیٰ میری یہ نیکی قبول فرمائے اور ہاں وہ سی ڈی ذرا مجھے جلدی بھجوا دینا۔

یہ بھی پڑھیں: -   توسیع یا تاخیر؟
Attaul-Haq-Qasmi
عطاءالحق قاسمی

کالم نگار کے مزید کالمز پڑھنے کے لیے یہاں کلک کریں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں