السلام و علیکم۔۔۔۔!
آج کل کے مصنوعی دور میں ہماری بیشتر غذا ء بھی مصنوعی اشیاء خوردونوش پر مشتمل ہوتی ہے یہی وجہ ہے کہ ہمیں بہت سی بیماریوں نے گھیرا ہوا ہے اور ہم پریشان حال ہیں۔ جب سے انسان نے قدرتی اشیاء کو ترک کر کے انسان ہی کی بنائی ہوئی مصنوعی اشیا ء کا استعمال شروع کیا، اس سے ذائقے کے مزے تو لے لیے مگر اپنی صحت و تندرستی کو داو پر لگا دیا اور بہت سی بیماریوں کی آماجگاہ بن گیا۔ پہلے انسان قدرتی غذاء کے استعمال سے اتنا طاقتور تھا کہ ان کے بارے میں پڑھ کر ہی حیرت ہوتی ہے کہ کیسے پہاڑوں کو کاٹ کر رہائش اختیار کی اور وہ بھی آج کل کی ٹیکنالوجی کے بغیر صرف اپنے ہاتھوں اور اپنی طاقت کے بھروسے سے۔ مگر آج کا انسان تو مشینوں پر بھروسہ کرتا ہے اور خود سستی اور کاہلی کا شکار ہوتا جا رہا ہے۔ آج انسانوں کی جگہ روبوٹ لے رہے ہیں اور ٹیکنالوجی میں مزید جدت آتی جا رہی ہے۔ میں ٹیکنالوجی کے خلاف نہیں اور نہ ہی اسے برا خیال کرتا ہوں مگر انسان کو پہلے اپنی صحت دیکھنی چاہیے اور اس ٹیکنالوجی کو اپنے لیے فائدہ مند سمجھتے ہوئے صرف ضرورت کے لیے استعمال میں لانا چاہیے نا کہ صرف اسی پر انحصار ہی زندگی کا محور بن کر رہ جائے۔
انہیں مصنوعی اشیاء کا کمال ہے کہ آج وقت سے پہلے بال سفید ہو رہے ہیں ، بیماریاں بڑھتی جا رہی ہیں، انسان لاغر ہوتا جا رہا ہے۔اور ٹیکنالوجی مضبوط ہوتی جا رہی ہے۔رشتے ناطے ٹوٹتے جا رہے ہیں، بالمشافہ رابطے ختم ہوتے جارہے ہیں مگر دوریاں مٹتی جا رہی ہیں اور سوشل رابطے بڑھتے جا رہے ہیں۔ مگر خیر چھوڑیے یہ باتیں تو ہوتی رہیں گی تو آئیے آج آپ سے ایک دو قدرتی نسخہ جات شئیر کرتے ہیں جس سے آپ کے بال اگر وقت سے پہلے سفید ہو گئے ہیں اور آپ ان سے پریشان ہیں تو آپ انہیں پھر سے کالے کر سکتے ہیں اور وہ بھی بغیر انہیں کالا رنگ کیے۔ یا نزلہ زکام کی وجہ سے آپ کی بینائی کمزور ہو گئی ہے تو آپ اسے بھی دوبارہ بحال کر سکتے ہیں۔
سب سے پہلے یہ جاننا ضروری ہے کہ بالوں کے جلدی سفید ہونے کی وجوہا ت کیا ہیں، تو اس کا کوئی بھی مستند جواب نہیں البتہ بینائی جانے کی وجوہات ذہنی پریشانی اور نزلہ زکام ہیں ۔ ہاں اگر بال گرتے ہیں تو وہ بھی کمزوری، نزلہ زکام، ڈسٹ،غیر معیاری شیمپو،جلدی امراض یا پھر الرجی کی وجہ سے ہو سکتے ہیں۔
صرف دو چیزیں جو اتنی مہنگی بھی نہیں اور آسانی سے مل بھی جاتی ہیں وہ ہیں 1۔ آملہ 2۔جنگ ہرڑ(باریک) ان دونوں کو برابر مقدار میں پیس لیں اور صرف آدھا چمچ رات کو کھانے کے بعد منہ میں ڈالیں اور اوپر سے نیم گرم دودھ پی لیں۔ کچھ عرصے بعد آپ کے جو بال اگیں گے وہ جڑوں سے کالے ہونگے۔ کتنا آسان سا نسخہ ہے نا۔ مگر تمہید کچھ لمبی ہو گئی ، چلیں اب دوسرا نسخہ بھی جلدی سے نوٹ فرما لیں۔
اگر نزلہ زکام کی وجہ سے آپ کی آنکھوں کی بینائی کمزور ہو گئی ہے تو روزانہ صرف ہرڑ کے سفوف کو پانی میں بھگو کر رکھ دیں اور چار گھنٹے بعد اسی پانی سے اپنی آنکھوں کو دھو لیں۔ایک سے دو مہینے میں نہ صرف آپکی نظر پھر سے تیز ہو جائے گی بلکہ نزلہ زکام کا علاج بھی ہو جائے گا۔ کیا خوب چیز دی ہے ہمیں قدرت نےاور ہم پھر بھی اسکی حمد و ثنا ء نہیں کر تے جیسے کہ کرنے کا حق ہے۔ان نسخوں پر عمل کریں اور نتائج سے مجھے ضرور آگاہ کریں اسے اپنوں کے ساتھ شئیر کریں تاکہ باقیوں کا بھی فائدہ ہو سکے۔ شکریہ
اردو ہماری اپنی اور پیاری زبان ہے اس کی قدر کیجیے۔
سوچ کو الفاظ کے موتیوں میں پرو کر دوسروں تک پہنچانا ہی میرا مقصد ہے۔